امریکا میں فلسطین حامیوں کا احتجاج جاری، متعدد طلباء گرفتار

May 07, 2024

امریکا میں فلسطین حامیوں کا احتجاج جاری ہے، پولیس نے متعدد طلباء کو گرفتار کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مظاہرین ایم آئی ٹی یونیورسٹی میں پولیس رکاوٹیں ہٹا کر کیمپ میں واپس آگئے، سین ڈیاگو یونیورسٹی میں پولیس نے مظاہرین کے کیمپ ہٹا دیے اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

نیویارک میں میٹ گالا ایونٹ پر احتجاج کرنے والے فلسطین حامی مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ بارسلونا یونیورسٹی میں فلسطین سے یکجہتی کے لیے طلباء نے کیمپ لگا لیا۔

بارسلونا یونیورسٹی میں مظاہرین نے اسرائیل سے کاروباری تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا، ویلنشیا یونیورسٹی میں بھی مسلسل 8 ویں روز طلباء نے احتجاج کیا۔

دوسری جانب میڈرڈ یونیورسٹی کے طالب علموں نے بھی مظاہروں میں شریک ہونے کا اعلان کر دیا۔

سوئیڈن کے شہر مالمو میں فلسطین حامیوں نے احتجاج کیا، ایمسٹرڈیم یونیورسٹی میں پولیس نے 125 فلسطین حامی مظاہرین گرفتار کر لیے۔

بیلجیئم کی یونیورسٹی میں بھی فلسطین سے یکجہتی کے لیے احتجاج جاری ہے۔