کیا بوبی دیول نے فلم ’اینیمل‘ میں اداکارہ ریکھا کے ڈانس اسٹیپ کو کاپی کیا؟

May 07, 2024

ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار بوبی دیول کی فلم ’اینیمل‘ سے بڑی اسکرین پر شاندار انداز میں واپسی ہوئی اور فلم کے گانے ’جمالِ جمالو‘ پر اپنے ڈانس سے اُنہوں نے فلمی شائقین کی خصوصی توجہ حاصل کرلی۔

فلم اینیمل کے گانے’جمال جمالو‘ پر بوبی دیول کا شاندار انداز میں سر پر شراب سے بھرا گلاس رکھ کر ڈانس کیا جو سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ بن گیا ہے۔

اب تک بے شمار سوشل میڈیا صارفین اس ٹرینڈ کو فالو کرتے ہوئے اسی انداز میں ڈانس کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کر چُکے ہیں۔

لیکن اب سوشل میڈیا پر 1988ء کی فلم’بیوی ہو تو ایسی‘ کا ایک ویڈیو کلپ گردش کر رہا ہے جس میں اس فلم کے گانے’ ساسو جی تو نے میری قدر نہ جانی‘ پرماضی کی خوبرو اداکارہ اور اپنے دور کی بہترین ڈانسر ریکھا کو شراب سے بھرے گلاس کو سر پر رکھ کر رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ریکھا کے 38 سال قبل کیے گئے شاندار ڈانس کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ بوبی دیول نے فلم’اینیمل‘ کے گانے’جمال جمالو‘ پر ڈانس کرتے ہوئے اداکارہ ریکھا کے ڈانس اسٹیپ کو کاپی کیا ہے۔

فوٹو بشکریہ یوٹیوب

واضح رہے کہ بالی ووڈ کی فلم ’اینیمل‘ گزشتہ سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔