چوری کی موٹرسائیکلوں کے پارٹس فروخت کرنے والا ملزم پکڑا گیا

May 08, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)موٹر سائیکلیں چوری کرکے اس کے پارٹس نکال کر فروخت کرنے اور پرانی گاڑی میں استعمال کرنے والا ملزم پکڑا گیا، عزیز آباد پولیس نے گھر پر چھاپہ ما ر کر چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور پارٹس برآمد کرلئے ،پولیس کے مطابق عزیز آباد پولیس نے علاقہ گشت کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا جس نے بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کردیا ، گرفتار رکشا ڈرائیور سمیع الدین نے بتایا کہ وہ موٹر سائیکل مکینک ہے اور رکشا کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں کی ایک جگہ سے محفوظ مقام پر منتقلی کے لئے استعمال کرتا ہے، ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے 120 گز کی تین منزلہ عمارت پر چھاپہ مارا جہاں عمارت کا ایک فلور مکمل طور پر چوری شدہ موٹر سائیکلوں سے بھرا ہواتھا ،پولیس کے مطابق ملزم نے 100 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا اعتراف کیا اور بتایا ہے کہ وہ پرانی موٹر سائیکلیں خرید کر انہیں چوری کی موٹر سائیکلوں کے ذریعے نیا بناتا اور فروخت تا ہے،ملزم کی نشاندہی پر برآمد سامان کم و بیش 50 موٹر سائیکلوں کا ہے ، جب کہ گھر سے 8 موٹر سائیکلیں درست حالت میں بھی برآمد ہوئی ہیں، جن میں سے 5 کا سراغ لگا لیا گیا ہے جو شہر کے مختلف تھانوں کی حدود سے چوری کی گئی تھیں۔