انٹرمیڈیٹ نتائج میں ردوبدل کیس، 8 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

May 19, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اسپيشل جج اینٹی کرپشن کورٹ نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں ردوبدل سے متعلق کیس میں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔عدالت میں جج کی عدم موجودگی کے باعث عدالت نے 8ملزمان کی عبوری ضمانت میں 8جولائی تک توسیع کردی۔ ملزم چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن، سابق چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین، سابق کنٹرولر امتحانات انور علیم راجپوت ، سابق اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات تنویر عباسی زیدی، اسسٹنٹ کنٹرولر عبدالحارث عباسی ، سابق اسسٹنٹ کنٹرولر محمد عطر سمیت 7ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت میں ایک ملزم محمد اسلم نے عمرے پر جانے کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔اس سے قبل عدالت نے ایک لاکھ روپے کے کاغذی مچلکے جمع کرانے پر ملزمان کی ضمانت منظور کی تھی، گزشتہ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف 2فروری 2023کو اینٹی کرپشن ساؤتھ کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے عدالت کو گزشتہ سماعت میں بتایا کہ ملزمان کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر انکوائری کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔