گھر سے 42 لاکھ کے زیورات، 4 کروڑ کی کرنسی چوری، 33 موٹرسائیکل بھی غائب

May 08, 2024

اسلام آباد (ایوب ناصرخصوصی نامہ نگار) راولپنڈ ی اسلام آباد میں 85وارداتوں میں کروڑوں کی نقدی ، زیورات، ایک کار ، رکشہ ،33موٹرسائیکل اور 30سے زائد قیمتی موبائل فون اڑا لئے گئے ۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقے فیصل ٹاؤن میں مشتاق احمد کے گھر کے تالے ٹوٹ گئے اور نامعلوم چور ساڑھے 42لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات ،تین کروڑ 90لاکھ روپے مالیت کے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈالر ،موبائل فون ،ایک لاکھ روپے اور ایک لاکھ روپے مالیت کی گھڑی چوری کر لے گئے ۔ تھانہ ویسٹریج کے علاقے اقبال روڈ سے جمیلہ اقبال کے گھر سے ملازمہ 20لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارت اور دو لاکھ روپے لے کر چلتی بنی ۔تھانہ سول لائن کے علاقے لالکرتی میں پروفیسر ڈاکٹر میمونہ یاسمین سےموٹر سائیکل سوار جھپٹا مار کر پرس چھین کر بھاگ گیا جس میں ایک لاکھ روپے اور موبائل فون ، ڈیری حسن آباد میں تصور عباس سے اسلحہ کی نوک پر ساڑھے تین لاکھ روپے چھین لئے گئے ۔ تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں حمزہ عبید سے پونے پانچ لاکھ روپے مالیتی موبائل اور گھڑی چھین لی گئی ۔ تھانہ صدر بیرونی کے علاقے کوٹھہ خرد میں بہروز کے گھر کے تالے توڑ کر نامعلوم چور 16لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، ساڑھے پانچ سو سعودی ریال اور ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے چوری کر کے لے گئے ۔