کابینہ اجلاس: سانحۂ 9 مئی میں پی ٹی آئی کے براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف

May 09, 2024

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سانحۂ 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

یہ انکشاف وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نگراں دورِ حکومت میں 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی، جس میں تحریکِ انصاف کے 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اراکین نے 9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ کابینہ اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا میں کیپیٹل ہل کے واقعے میں ملوث عناصر کو سزا ہوئی تو 9 مئی کے مجرمان کو اب تک سزا کیوں نہ ہوئی؟

اجلاس میں کون کون شریک؟

واضح رہے کہ سانحہ 9 مئی کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمٰن بھی شریک ہیں۔

تاریخ سانحۂ 9 مئی کے کرداروں کو کبھی معاف نہیں کریگی: وزیرِ اعظم

وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور تاریخ سانحۂ 9 مئی کےکرداروں کو کبھی معاف نہیں کرےگی۔

9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں،یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے، سیاست کے لیے ریاست پر حملے کی دو سوچوں کو الگ کرنے والا دن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ، ان کے عظیم اہلِ خانہ اور محبِ وطن عوام ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے کردار ہیں۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہیں بھولے ہیں، نہ بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ارضِ پاک، عظیم شہداء، ان کے ورثا اور قوم سے وعدہ ہے کہ 9 مئی پھر کبھی نہیں ہو گا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح جتھے حملہ آور ہوئے اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، ہمیں یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ یہ حملے کیوں ہوئے، 9 مئی کو دلخراش واقعے پوری قوم نے دیکھے، کسی دشمن کو بھی اس طرح کی حرکت کرنے کی جرأت نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں پر خوفناک حملے ہوئے، کابینہ اجلاس کا مقصد یہی ہے کہ ایوان قوم کی ملکیت ہے اور آپ کے حقوق کی ترجمانی کا مرکز ہے، پوری قوم کو یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ پیغام دیتے ہیں کہ اپنے شہداء، ہیروز اور ان کے اہلِ خانہ کو یاد رکھیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مئی 2023ء میں پی ڈی ایم حکومت ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کی کوشش میں لگی تھی، پی ڈی ایم کی حکومت 190 ملین پاؤنڈ کے معاملے میں بددیانتی کا نوٹس نہ لیتی تو شاید یہ حملے نہ ہوتے، شاید یہ حملے نہ ہوتے اگر چیف الیکشن کمشنر کا آفس فارن فنڈنگ کا نوٹس نہ لیتا، یہ حملے شاید نہ ہوتے اگر ایک کٹھ پتلی حکومت کو نہ ہٹایا جاتا، شاید یہ حملے نہ ہوتے اگر خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچنے کا پی ڈی ایم حکومت نوٹس نہ لیتی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ 9 مئی کے یہ حملے کیوں کیے گئے؟ 9 مئی کو ناصرف پاکستان کے خلاف بلکہ ریاست کے خلاف بغاوت کی گئی، جس طرح سے جتھے حملہ آور ہوئے کوئی اسے برداشت نہیں کر سکتا، ایسے فسادیوں کو قانون نے اپنی گرفت میں لیا، کوئی ملک اپنے ہیروز اور شہداء کےخلاف بد ترین زبان برداشت نہیں کر سکتا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کےواقعات کے دلخراش مناظر سب نے دیکھے، 9 مئی کے علاوہ جب بھی سیاستدانوں کو تکلیف برداشت کرنا پڑی انہوں نے ملک کےخلاف ایک لفظ نہیں بولا، 9 مئی بغاوت کا منظم منصوبہ تھا، یہ واقعات پاکستان اور اداروں کےخلاف منظم سازش تھے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سائفر کے حوالے سے پینترے بدلے، کبھی سائفر کو امریکی سازش قرار دیا اور کبھی ممالک کے ساتھ تعلقات کو متاثر کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے 9 مئی کے واقعات کی منظم سازش کی وہ آج بھی اسےجھٹلاتے ہیں، فسادیوں کی حقیقت سب پر عیاں ہے، اس حوالے سے ویڈیو ثبوت ہیں، جھوٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ یہ بغاوت دم توڑ گئی، معاشی بہتری کے لیے شبانہ روز محنت کریں گے، تمام اتحادی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا، اس روز ملک دشمنی کی حد تک چیزیں ہوئیں، 9 مئی کے واقعات کی مذمت سے ہمیں آگے چلنا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو لوگ براہِ راست ملوث تھے انہیں عوام کے سامنے لایا جائے، ان واقعات میں ملوث لوگوں کا ٹرائل کیا جائے، سانحۂ 9 مئی کے شواہد بہت ہیں۔

وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملکوں کی تاریخ میں 9 مئی جیسے واقعات قابلِ قبول نہیں ہوتے۔

اجلاس میں شہداء سے اظہارِ یکجہتی

کابینہ کے اجلاس میں شہداء سے اظہارِ یک جہتی کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے 9 مئی پر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری رویوں کے فروغ پر زور دیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ 9 مئی کے واقعات پر حکومتی پالیسی کی منظوری دے گی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سانحۂ 9 مئی سے متعلق وائٹ پیپر جاری کیا جائے گااور مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔