بانی نے شیر افضل کو کور اور سیاسی کمیٹی سے نکالنے کا حکم دیا ہے، عمر ایوب

May 09, 2024


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے نکالنے کاحکم دیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہبانی پی ٹی آئی سے ہماری تفصیلی ملاقات ہوئی ہے،بانی پی ٹی آئی نے آج کچھ خصوصی ہدایات دی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شیر افضل مروت کو بانی پی ٹی آئی نے بہت عزت و احترام دیا ہے، شیر افضل مروت کو بارہا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی ہدایات دیں۔

عمر ایوب نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شیر افضل مروت نے سعودی حکومت کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا سعودی حکومت کے ساتھ ذاتی تعلقات کو شیر افضل مروت نے زک پہنچائی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے ساتھ نہایت اچھے تعلقات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے حکم جاری کیا ہے شیر افضل مروت کو کور کمیٹی، پولیٹیکل کمیٹی سے الگ کیا جائے، پولیٹیکل کمیٹی شیر افضل مروت کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لے۔

عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے عارف علوی کو اہم ذمہ داری سونپی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی ورکرز کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، کل وکیلوں کے ساتھ جو ہوا اس کی بھی مذمت کرتے ہیں۔