سندھ ایچ ای سی کے ملازمت میلے کیریئر کنیکٹ میں 1565 ملازمتوں کی پیشکشیں

May 10, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت جمعرات کو ایکسپو سینٹر میں ایک انتہائی کامیاب ملازمت میلے، ’’کیریئر کنیکٹ‘‘ کا انعقاد کیا۔ اس روزگار میلے میں 15 ہزار سے زائد طلبہ نےشرکت کی اور اپنی قسمت آزمائی۔ مجموعی طور پر 115کمپنیوں نے طلباء کو ملازمت کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے لیے اسٹالز لگائے۔۔ میلےکے نتیجے میں1565ملازمتوں کی شاندار پیشکشیں موقع پر کی گئیں۔ چیئرپرسن سندھ ایچ ای سی، پروفیسر طارق رفیع نے تقریب پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ ایک ذمہ داری تھی جسے اچھی طرح سے انجام دیا گیا، ہم اپنے طلباء کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے۔ "انہوں نے مزید کہا کہ "میں صوبے کی جامعات کے تمام وائس چانسلرز کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے کیرئیر کنیکٹ جاب فیئر کے حوالے سے فراخدلانہ کاوشوں میں اور طلباء کیساتھ ساتھ کارپوریٹ سیکٹر کی شاندار شرکت کو یقینی بنایا۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگون نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سندھ ایچ ای سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں، اور ہم سندھ ایچ ای سی اور اس کے چیئرپرسن ڈاکٹر طارق رفیع کی تعلیمی اداروں اور صنعت کو اکٹھا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ یہ ایک انتہائی کامیاب تقریب ہے، جو کہ طلباء کے بڑے پیمانے پر دلچسپی اور کارپوریٹ سیکٹر کی بھرپور شرکت سے ظاہر ہے۔