اپوزیشن جماعتوں کا آئین کی بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

May 11, 2024

فائل فوٹو

حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے اور فیصل آباد، کراچی کے جلسوں کیلئے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، بی این پی مینگل کے رہنما ساجد ترین اور ثناءاللہ بلوچ، ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک تھے۔

اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات ہمارا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، جلسےہر صورت کرینگے، ملک میں جمہوریت ختم اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، ہماری تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں آئین توڑنے والوں کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

اجلاس میں گوادر میں دہشتگردی کے واقعے میں 7 بے گناہ افراد کے قتل اور لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا پر بہیمانہ تشدد اور گرفتاریوں کی پُرزور مذمت کی گئی۔

پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی بھی شدید مذمت کی۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کسانوں کے مطالبات کے حق میں ان کے ساتھ ہے۔