عمرایوب نے امریکی سفیر سے ہوئی ملاقات کا احوال بتادیا

May 14, 2024

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتادیا۔

اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو میں عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ امریکی سفیر نے وزارت خارجہ ذریعے ملاقات کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کی پی ٹی آئی کی پارلیمانی قیادت سے ملاقات کو کرٹسی کال کہا جاسکتا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی سفیرنے وزارت خارجہ کو وزیراعظم، اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کا کہا تھا۔

صحافی نے عمرایوب سے استفسار کیا کہ کیا ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی بات ہوئی؟

اس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ امریکی سفیر سے ملاقات بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈونلڈبلوم سے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہو،ہم بھی قبول کریں گے آپ بھی کریں،ہم اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت نہیں چاہتے ہیں۔

عمرایوب نے کہا کہ ملاقات میں واضح کیا کہ مداخلت نہ امریکا کی مانتے ہیں نہ یوکے کی نہ کسی اورملک کی، امریکی سفیرسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکرکیا ۔

صحافیوں کے روبرو اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوئے ہیں،آنے والے دنوں میں ن لیگ اورپیپلزپارٹی بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات پرمجبور ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ شیرافضل مروت نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا،جواب قبول ہوگا یا مسترد فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے، جیسے وہ کہیں گے ویسا ہی کروں گا۔