آزاد کشمیر: پولیس اہلکار کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بار کونسل کی ڈیڈ لائن

May 19, 2024

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

میرپور آزاد کشمیر بار کونسل نے سب انسپکٹر عدنان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ڈیڈ لائن دے دی۔

بار کونسل نے سرکلر میں کہا ہے کہ 22 مئی تک قاتل کو گرفتار نہیں کیا گیا تو پورے آزاد کشمیر میں احتجاج ہو گا، پولیس حقائق کو مسخ کر کے وکلاء کے خلاف کیس بنا رہی ہے۔

وائس چئیرمین بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس پی اور ڈی آئی جی میرپور کو معطل کیا جائے، غفلت کے مرتکب افسران معطل نہ ہوئے تو احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب ضلع میرپور پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ عدنان شہید کے قتل میں نامزد ملزمان گرفتار ہیں، شواہد کی روشنی میں مزید گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عدنان شہید کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تمام شواہد جمع کر لیے ہیں اور ایڈیشنل ایس پی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ پُر تشدد مظاہروں کے دوران سب انسپکٹر عدنان شہید ہو گئے تھے۔