کراچی پریس کلب کا کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کیخلاف احتجاج کا اعلان

May 19, 2024

کراچی پریس کلب کی عمارت--- فائل فوٹو

کراچی پریس کلب کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا گیا۔

ہفتے کی شب کراچی پریس کلب کے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو اظہارِ رائے کی آزادی دیتا ہے۔

کراچی پریس کلب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پریس کلب کوئٹہ کی تالا بندی آئین کے آرٹیکل کی کھلی خلاف ورزی ہے، کوئٹہ پریس کلب کی بندش صحافیوں کو خاموش کرانے اور خوف زدہ کرنے کی سازش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنے حقوق پر حملہ کسی صورت قبول نہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں۔

کراچی پریس کلب نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر 24 گھنٹوں میں تالا بندی ختم نہ کی گئی تو کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔