بشکیک سے طلبہ کو لانے والی کے پی فری ایئر سروس کی پرواز روانہ نہ ہو سکی

May 21, 2024

فائل فوٹو

ڈی جی پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا محمد قیصر خان نے کہا ہے کہ بشکیک سے طلبہ کو لانے والیکے پی فری ایئر سروس کیپرواز روانہ نہ ہو سکی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے محمد قیصر خان نے کہا کہ صبح 10 بجے کا وقت دیا ہے، تکنیکی وجوہات پر وقت تبدیل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشکیک سے ایئر فیلڈ سے کلیئرنس نہ ملنے پر تاخیر ہو رہی ہے۔

محمد قیصر خان کا کہنا ہے کہ طیارے تیار ہیں، کلیئرنس ملتے ہی پہلا طیارہ روانہ ہو جائے گا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ طیارے میں 300 مسافروں کی گنجائش ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا تھا کہ کرغزستان کی خصوصی پروازوں کے لیے 6 کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔

مزمل اسلم نے کہا تھا کہ 6 کروڑ روپے 2 پروازوں کے لیے جاری کر دیے گئے ہیں، طلبہ کی مزید رجسٹریشن پر مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے، دیگر صوبوں کے پھنسے طلبہ بھی رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔

علاوہ ازیں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا تھا کہ طلبہ کی واپسی کے لیے خصوصی طیارہ آج رات 10بجے کرغستان روانہ ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 600 افراد نے خصوصی پرواز کے لیے رجسٹریشن کی ہے، پہلی پرواز میں 300 طلبہ کو کرغستان سے لایا جائے گا، مزید 300 طلبہ کے لیے کل دوسری خصوصی پرواز جائے گی۔