اسکولوں میں بچوں کے منشیات کے ٹیسٹ کریں گے: شرجیل میمن

May 21, 2024

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن—فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اسکولوں میں بچوں کے منشیات کے ٹیسٹ کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہتعلیمی اداروں میں بچوں کو منشیات کا عادی بنایا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کلفٹن سے بڑے منشیات سپلائر کو گرفتار کیا ہے، منشیات کے خلاف جہاد کوئی اکیلے نہیں کر سکتا، منشیات کی روک تھام کے لیے آپریشن سنجیدگی سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کے علاج کے لیے بحالی کے مرکز بنائے جائیں گے، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے مشاورت کے بعد عمارت کا تعین کیا جائے گا، ہم پرائیویٹ سیکٹرز کو بھی بحالی مرکز چلانے کی دعوت دیتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ صدر آصف زرداری نے منشیات کے خلاف ہدایات دی ہیں، منشیات کے خلاف سنجیدگی سے کارروائیاں کر رہے ہیں، منشیات کافی حد تک پھیل چکی ہے، متعدد لوگ گرفتار کیے ہیں، کرسٹل اور آئس استعمال کرنے والے معاشرے کے لیے خودکش بمبار ہیں، گٹکا، مین پوری کے خلاف بھی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ کچے میں ڈاکوؤں سے مقابلے ہو رہے ہیں، ڈاکووں کے پاس جدید ہتھیار ہیں، حکومت سندھ نے جدید اسلحے کے لیے وفاقی حکومت کو لکھا ہے، پولیس کو جدید ہتھیار جلد پہنچا دیے جائیں گے، پولیس اور رینجرز مشترکہ طور پر کچے میں آپریشن کر رہی ہیں، اس وقت بھی جہاں ضرورت پڑ رہی ہے وہاں رینجرز موجود ہے۔