برطانیہ میں اشیائے خوراک کی بڑھی ہوئی قیمتیں معمول پر آنے لگیں، معیشت میں بہتری کا امکان

May 23, 2024

لندن (پی اے ) تازہ ترین ریسرچ رپورٹ سے ظاہرہوتاہے کہ اشیائے خوراک کی بڑھی ہوئی قیمتیں معمول پر آنے لگی ہیں ،اگرچہ شاپرز اب بھی اپنے برانڈ کی اشیا سستی فراہم کررہے ہیں،لیکن گروسری کی قیمتوںکے اضافہ میں 2.4فیصد تک کمی آئی ہے ۔یہ ریسرچ رپورٹ حکومت کی جانب سے بدھ کو شائع کی جانے والی ریسرچ رپورٹ کی اشاعت سے پہلے سامنے آئی ہے جس میں افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی کا دعویٰ کیاگیاہے ۔ اشیا کی قیمتوں میں کمی سے ان توقعات کو تقویت ملتی ہے کہ بینک آف انگلینڈ اس موسم گرما کے دوران شرح سود میں کمی کرنے کا اعلان کردے گا ،رپورٹ میں کہاگیاہے کہ اشیائے خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باوجود شاپرز اب بھی رقم بچانے کے حربے اختیار کررہے ہیں۔کم وبیش ڈھائی سال تک برقرار رہنے والے قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے دوران شاپرز نے اخراجات زندگی پر قابو پانے یعنی مہنگائی کا مقابلہ کرنے کیلئے جو عادتیں اپنائی تھی اب ان کو ترک کرنا آسان نہیں ہے،مثال کے طورپر اب برانڈز کے بجائے سپر مارکیٹس کے اپنے لیبل کے تحت پیش کئے جانے والے سامان کی طلب برقرار ہے اور شاپرز کی جانب سے شاپنگ پر خرچ کی جانے والے مجموعی رقم کا کم وبیش 52فیصد سپرمارکیٹس کے اپنے لیبل کی اشیا کی خریداری پر صرف کیاجاتاہے اور سپرمارکیٹس کے اپنے لیبل کی اشیا کی فروخت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.9فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے ۔توقع کی جاتی ہے کہ موسم گرما کے کھیلوں کے مقابلوں سے جن میں مردوں کے یورو 2024فٹبال ٹورنامنٹ اور اولمپک گیمز شامل ہیں فروخت میں خاص طورپر شراب کی فروخت میں اضافہ ہو گا ۔2022میں فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور فرانس کے درمیان کوارٹر فائنل میں شراب کی فروخت میں کرسمس کے بعد سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ 2022کے آخر میں افراط زر کی شرح عروج پر تھی اور یہ شرح 11.1فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ جبکہ گزشتہ سال اشیائے خوردونوش اور ہلکے مشروبات کی قیمتوں کی شرح کم وبیش20فیصد زیادہ تھی جو کہ1970کے بعد سب سے زیادہ تھی۔اس وقت بینک آف انگلینڈ نے قیمتوں میں اضافے کی شرح سست رکھنے کیلئے سود کی شرح میں اضافہ کردیاتھا ۔ اس وقت بینک کی جانب سے اعلان کردہ سود کی شرح گزشتہ 16سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ یعنی5.25فیصد ہے ،بینک کے ڈپٹی گورنر نے پیر کو بتایا ہے موسم گرما کے دوران کسی بھی وقت شرح سود میں کمی کی جاسکتی ہے۔ اشیا کی قیمتوں میں کمی سے ان توقعات کو تقویت ملتی ہے کہ بینک آف انگلینڈ اس موسم گرما کے دوران شرح سود میں کمی کرنے کا اعلان کردے گا۔