بیرسٹر عبدالمجید ترمبو کا برطانوی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

June 15, 2024

لندن ( نما ئندہ جنگ ) انسانی حقوق کے حصول کے لیے دنیا بھر کے پلیٹ فارمز پر آواز بلند کرنے اور مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے بین الاقوامی سطح پر جدوجھد کرنے والے بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے ہنسلو سٹی لندن سے آئندہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایم پی کا انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مقامی مسلم تنظیموں کے اصرار پر اور فلسطین کے معصوم عوام کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بیرسٹر مجید ترمبو نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ میدان سیاست میں اتریں گے اور منتخب ہو کر پارلیمنٹ میں فلسطین کے عوام کے حقوق کی بات کریں گے۔بیرسٹڑ مجید ترمبو جو عرصہ 40 سال سے انسانی حقوق کے لیے بین الاقوامی تنظیموں اور سرکاری و غیر سرکاری داروں کے ذریعے عوم کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے جدوجہد میں مصروف ہیں عوام کی طرف سے ان کے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے پر انتہائی خوشی کا اظھار کیا گیاہے۔ غلام دستگیر ہیپی اور عامر چوہدری نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مدد اور مسائل مشکلات کے گرداب سے برسٹر مجید ترمبو جیسی قد آور شخصیات ہی نکال سکتیں ہیں جنھوں نے اپنے تجربے سے یہ ثابت کر کے دکھایا اور ہمیشہ ذاتی مفادات کو بالاتر رکھتے ہوئے انسانیت کی فلاح و بہبود کی بات کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیرسٹر مجید ترمبو کی جیت سے اورسیز کمیونٹی فلسطین کے عوام اور کشمیریوںکے حقوق کو تحفظ ملے گا اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔