اسلامک ریلیف اور دی فلیکس کا ضرورت مند افرادکیلئے فوڈپارسل کا اہتمام

June 15, 2024

لندن (جنگ نیوز) اسلامک ریلیف یوکے دی فلیکس پراجیکٹ کے ساتھ مل کر لندن میں انتہائی ضرورت مند افراد تک کھانا پہنچانے کیلئے مل کر کام کر رہا ہے۔ واضح رہےکہ کورونا وبا کے بعد اخراجات زندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اسلامک ریلیف اور ساونتا کے ایک سروے کے مطابق30فیصد برطانویوں کو خدشہ ہے کہ انہیں مستقبل قریب میں فوڈ بینک سے رجوع کرنا پڑے گا جب کہ نصف سے زائد کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ برس کی نسبت فوڈ بلز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فلیکس پراجیکٹ کے تحت سپر مارکیٹ سے فروخت ہونے سے بچ جانے والا فوڈ اکھٹا کرکے فوڈ بینکس، مختلف کمیونٹی سینٹرز اور اسکولوں تک پہنچاتا ہے۔ اسلامک ریلیف رواں برس فلیکس کو فنڈ فراہم کرے گا۔ اسلامک ریلیف یوکے، کے ڈائریکٹر طفیل حسین کا کہنا ہے کہ اسلامک ریلیف ہمیشہ انتہائی ضرورت مند افراد کی مدد کیلئے موجود رہتی ہے اور فلیکس پراجیکٹ کا کام شاندار ہے۔ انتہائی غریب خاندانوں میں والدین، بچوں کو کھانا کھلانے کیلئے خود بھوکا رہنے پر مجبور ہوتے ہیں اور دوسری طرف کھانا ضائع کرنا جرم ہے،اس لئے اضافی کھانے کو ضرورت مند افراد تک پہنچایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سال اسلامک ریلیف قربانی کا گوشت بھی فلیکس کے ذریعے ضرورت مند افراد تک پہنچائے گی۔