حکومت میں آنے کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے، لیبر پارٹی کا اعلان

June 15, 2024

لندن (این این آئی)لیبرپارٹی نے اپنے منشور میں فلسطینی ریاست فلسطینی عوام کا ناقابل تنسیخ حق قراردیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں گے،امن عمل میں حصہ داری کیلئے پرعزم ہیں،تنازع کا2ریاستی حل چاہتے ہیں جس میں محفوظ اسرائیل اورآزاد فلسطین ساتھ ساتھ ہوں۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کی لیبر پارٹی نے اعلان کیا کہ اگر وہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی تو مشرق وسطیٰ میں نئے امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گی۔ برطانوی انتخابات کے حوالے سے ہونے والے رائے عامہ کے جائزوں میں لیبر پارٹی اپنے حریفوں سے بہت آگے ہے۔ لیبر پارٹی کے منشور میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ریاست فلسطینی عوام کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔ ہم ایک نئے امن عمل میں حصہ ڈالنے اور فلسطین کو تسلیم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، چاہتے ہیں تنازع کادو ریاستی حل پر ہو جس میں محفوظ اسرائیل اور آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست ساتھ ساتھ ہوں۔ موجودہ کنزرویٹیو پارٹی کی حکومت نے پہلے کہا تھا کہ وہ امن عمل سے پہلے باضابطہ طور پر فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرے گی۔ حکومت نے کہا تھا کہ ویسٹ بینک اور غزہ کے فلسطینیوں کو ایک قابل اعتبار فلسطینی ریاست اور نئے مستقبل کا سیاسی تناظر فراہم کیا جانا چاہئے۔