برطانوی فٹبال کوچ تریشن پٹیل نے پاکستان فٹبال ٹیم کو جوائن کرلیا

May 23, 2024

برطانوی فٹبال کوچ تریشن پٹیل نے اسلام آباد میں پاکستان فٹبال ٹیم کو جوائن کرلیا ہے، یوئیفا اے لائسنس رکھنے والے تریشن پٹیل لیورپول اور لیوٹن ٹاؤن کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں، ماضی میں وہ آن لائن بھی پاکستان فٹبال ٹیم کیلئے اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق، برٹش انڈین کوچ تریشن پٹیل نے باضابطہ طور پر پاکستان فٹبال اسکواڈ کو جوائن کرلیا ہے، وہ ماضی میں ریموٹلی ٹیم کے ساتھ اپنا کردار ادا کرچکے ہیں تاہم وہ اب فیلڈ پر کوچ اسٹیفین کونسٹنٹائن کے ساتھ کام کریں گے۔

انہیں بطور اسسٹنٹ کوچ اور پرفارمنس اینالسٹ ٹیم کے ساتھ مقرر کیا ہے۔ وہ سعودی عرب اور تاجکستان کیخلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔

2006 سے کوچنگ سے وابستہ ہونیوالے تریشن پٹیل انگلینں میں مختلف کلبز اور فٹبال ایسوسی ایشن کے پروگرامز میں کوچنگ کرچکے ہیں۔ وہ لیورپول میں انٹرنیشنل اکیڈمی کوچ رہے جبکہ لیوٹن ٹاؤن کے ساتھ وہ کمیونٹی کوچ کی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے برطانوی کلب برکھمسٹیڈ کے ساتھ کام کیا۔

پاکستان فٹبال ٹیم فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں اگلا میچ چھ جون کو اسلام آباد میں سعودی عرب کیخلاف کھیلے گی جبکہ 11 جون کو وہ تاجکستان سے اپنا آخری کوالیفائر میچ اوے گراؤنڈ پر کھیلے گی۔