ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اپنا آخری میچ کل آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گا

June 15, 2024

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنے گروپ اور ایونٹ کا آخری میچ کل آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

میگا ایونٹ میں گروپ اے سے بھارت اور امریکا کی ٹیمیں سُپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان یہ میچ لارڈ ہل میں کھیلا جائے گا، یہ وہی میدان ہے جہاں جمعے کو امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کے سبب نہیں ہوسکا تھا۔

میچ کا نتیجہ نہ آنے اور امریکا کو ایک پوائنٹ ملنے کے سبب پاکستانی ٹیم سُپر ایٹ مرحلے سے باہر ہوگئی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان یہ میچ محض رسمی کارروائی ہوگا کیونکہ اب دونوں میں سے کسی ٹیم کا ایونٹ میں آگے بڑھنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

پاکستانی ٹیم نے امریکا اور بھارت سے شکست کھائی جبکہ کینیڈا کے خلاف اُس نے فتح حاصل کی، آئرش ٹیم کو بھی 2 میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ امریکا کے خلاف اُس کا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔