انگلینڈ کی نمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 41 رنز سے شکست

June 16, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں انگلینڈ نےنمیبیا کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت41 رنز سے شکست دے دی، 126 رنز کے ہدف میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بناسکی۔

گروپ بی میں شامل دونوں ٹیمیں نارتھ ساؤتھ میں مدمقابل ہوئیں جہاں نمیبیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

بارش کے باعث پہلے میچ کو 11-11 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا تاہم میچ کے دوران بارش کی وجہ سے فی اننگ 10 اوورز تک محدود کردی گئی۔

انگلینڈ نے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے، تاہم ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 126 رنز کا ہدف ملا۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 47 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی، جونی بیرسٹو 31، معین علی 16 اور لیام لیونگسٹون 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنا سکی، وین لنگین 33، ڈیوڈ ویزے 27 اور نکولس ڈیون 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

47 رنز کی عمدہ اننگ کھیلنے پر ہیری بروک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گروپ بی میں انگلینڈ نے تین میچز کھیلے ہیں جس میں سے انہیں ایک میچ میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا رہا جبکہ ایک میچ بارش کی نظر ہوا۔

واضح رہے کہ گروپ بی میں اسکاٹ لینڈ کے 5 پوائنٹس ہیں جبکہ انگلینڈ کے میچ جیتنے کے باعث اس کے بھی 5 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔