ٹی20 ورلڈ کپ: لاڈرہل میں کینیڈا بھارت میچ بھی بارش کے باعث منسوخ

June 15, 2024

فوٹو بشکریہ کرک انفو

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت اور کینیڈا کا مقابلہ بھی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

گروپ اے سے امریکا کے علاوہ بھارتی ٹیم بھی پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ کینیڈا کی ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ کھیل رہی تھی۔

تاہم مسلسل بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب بغیر کوئی گیند پھینکے میچ منسوخ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے لاڈرہل میں شیڈول یہ تیسرا میچ بھی بارش کی نذر ہوا۔

اس سے قبل سری لنکا نیپال میچ اور پاکستان کےلیے انتہائی اہمیت کا حامل امریکا آئرلینڈ میچ بھی بارش کی نذر ہوا۔

علم میں رہے کہ اسی میدان پر چوتھا اور آخری میچ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانا ہے اور اس میچ میں بھی بارش کا امکان بتایا جارہا ہے۔