اگر آج بابر اعظم نے سینچری مار دی تو پپّا کی مرسیڈیز انکو دے دوں گی، مداح

May 25, 2024

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مداح نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سینچری مارنے پر کھلاڑی کے لیے اپنے والد کی مرسیڈیز دینے کا اعلان کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر برمنگھم میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کی پُر جوش جذباتی مداح کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں ایک جذباتی مداح کو دیکھا اور سنا جاسکتا ہے جو قومی کرکٹ ٹیم سے جیت کی امید لگائی ہوئی ہے۔

مداح کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا لیڈز میں ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی جیت کے ارمان بارش میں بہہ گئے، جس کے بعد ساری امیدیں آج برمنگھم میں ہونے والے میچ سے جڑ گئی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں جذباتی مداح نے صرف ایک جیت پر کپتان بابر اعظم کے لیے اپنے پپّا کی مہنگی گاڑی مرسیڈیز کی چابی دینے کا اعلان بھی کر دیا۔

مداح کا کہنا ہے کہ میں اپنے پپا کو بتا کر آگئی ہوں کہ اگر پاکستانی ٹیم آج کا میچ جیت گئی تو ان کی مرسیڈیز بابر اعظم کو دے دوں گی، پاکستان کی جیت پر ایسا ہزاروں مرسیڈیز قربان ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچز کی سیریز کا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔ تاہم آج اس سیریز کا دوسرا میچ برمنگھم میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا میچ 28 مئی کو کارڈف میں اور آخری مقابلہ 30 مئی کو اوول میں کھیلا جائے گا۔