انگلینڈ سے شکست اور بابر اعظم کی خراب کارکردگی پر پاکستانی مداح رو پڑی

May 26, 2024

’جیو نیوز‘ گریب

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مداح نبیہا خان انگلینڈ کے ہاتھوں 23 رنز سے شکست پر رو پڑیں۔

مداحبرمنگھم کے ایجباسٹن اسٹیڈیم میں بابر اعظم کو سنچری اسکور کرنے پر تحفے میں دینے کے لیے ایک مہنگی گاڑی کی چابیاں لے کر پہنچیں لیکن کپتان 32 رنز بنانے کے بعد ہی پویلین لوٹ گئے۔

نبیہا خان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس شکست پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بڑی امیدوں کے ساتھ یہاں پہنچی تھی لیکن پاکستان کو بہت بری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جذباتی مداح نے فخر زمان کے ٹیم کی ذہنیت کی تبدیلی کے بارے میں دیے گئے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا تھا کہ اب ٹیم کی ذہنیت واقعی بدل گئی ہے لیکن میں غلط تھی۔

نبیہا خان نے کہا کہ بابر اعظم بہت جلدی پویلین لوٹ گئے ان سے تو سنچری کی امید تھی، میں نے سب کو چیلنج کیا تھا کہ پاکستان یہ میچ جیتے گا لیکن ٹیم کی کارکردگی نے بہت مایوس کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 184 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس آخری اوور میں 160 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنرز محمد رضوان صفر جبکہ صائم ایوب 2 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے تیسری وکٹ پر 53 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، بابر اعظم 67 کے مجموعے پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد شاداب خان 3 رنز اور اعظم خان 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے ساتھ ہی آدھی پاکستان ٹیم 91 رنز پویلین لوٹ گئی۔

جارح مزاج فخر زمان بھی 100 کے مجموعے پر میدان بدر ہوئے، انہوں نے 45 رنز بنائے۔