ڈبل روٹی، رسک اور بن کی قیمتوں میں کمی کی جائے: وزیرِ خوراک پنجاب

May 26, 2024

پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین--- فائل فوٹو

پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے حکم دیا ہے کہ صوبے میں ڈبل روٹی، رسک اور بن کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔

بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے اجلاس بلا لیا۔

اجلاس میں سیکریٹری خوراک، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر، بیکری ایسوسی ایشن اور مختلف برانڈ کے نمائندے شریک ہوئے۔

اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ 2 ماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کرائی گئی ہے جبکہ بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹیک ہولڈرز کو 27 مئی تک قیمتوں میں رضاکارانہ کمی کا وقت دیا ہے، پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے تاہم بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔