عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

June 17, 2024

فائل فوٹو

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے، نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد ہورہا ہے اور ایک دوسرے کو مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔

ملک بھر کی طرح کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کراچی میں نماز عید الاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع باغ جناغ (پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوگا جہاں عام شہریوں سمیت سیاسی و سماجی رہنما، تاجر برادری، غیر ملکی سفارتکار نماز ادا کریں گے۔

قربانی سے پہلے ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں رات بھر رش رہا، بھاؤ تاؤ ہوتے رہے، خریداروں کو دام گِرنے کی امیدیں رہیں، بیچنے والوں کی زیادہ مال بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

کراچی، پشاور، لاہور، ملتان اور سکھر سمیت دیگر شہروں کی مویشی منڈیوں میں گاہکوں نے مہنگے جانوروں کی شکایت کی۔

دوسری جانب پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن نے ملک میں رواں سال قربانی کا تخمینہ لگایا ہے کہ جس کے مطابق عید قربان پر 33 لاکھ بکرے، ساڑھے اٹھائیس لاکھ گائے، پونے چار لاکھ دنبے، ڈیڑھ لاکھ بھینسیں اور ننانوے ہزار اونٹ قربان ہوں گے۔

پی ٹی اے کا اندازہ ہے کہ اڑسٹھ لاکھ جانوروں کی کھالیں چھ ارب کی ہونگی۔