علی امین گنڈاپور نے کل وفاق کا شکریہ ادا کیا اور آج دھمکی لگادی

May 28, 2024


وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کل وفاق کا شکریہ ادا کیا اور آج دھمکی لگادی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جب جیل سے کال دی تو ان کیساتھ وہ کھیل کھیلیں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔

صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تربیلہ سے ایک بٹن بند کردیا تو آدھے پاکستان کی بجلی بند ہوجائے گی۔ خیبر پختونخوا میں 22 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ برداشت نہیں کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ نوکریوں کے علاوہ لوگوں کو روزگار دینگے، کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بانی پی ٹی آئی کی طاقت ہو۔عوام نے آج خوف کے بت توڑ دیے ہیں۔حق کے لیے بانی پی ٹی آئی اور میرے ساتھ نکلو گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہمارے لیے قید ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف جو کیسز ہیں وہ سارے جعلی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپ لوگ وعدہ کریں رشوت ختم کرنے میں میرا ساتھ دیں گے۔ جس گاڑی میں آیا ہوں وہ عوام کی ٹیکس سے چلتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ایکسین صاحب دوبارہ یہاں آؤں تو روڈ پر گڑھا نظر نہیں آنا چاہیے، یہاں منشیات فروش مجھے نظر نہیں آنا چاہیے، منشیات فروشوں کو یہاں سے نکالو۔عوام منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں۔

انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی وزیراعظم ہوتا تو اسرائیل کی ہمت نہ ہوتی کہ فلسطین پر حملہ کرتا۔

آج مجھے بانی پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ بنایا ہے۔ ہم لوگ فارم 45 والے ہیں، فارم 47 والے کی آنکھیں شرم سے جھک رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوابی کا دورہ کیا جہاں پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ کے لاٹ ون کا افتتاح کیا۔

لاٹ ون مجموعی طور پر ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، منصوبہ 15.6 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاٹس اور 4 پیکجز میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی ابتدائی کمانڈ ایریا 30 ہزار ایکڑ ہے، مزید 8 ہزار سے زائد ایکڑز کا اضافہ کیا جائے گا۔