ایم کیو ایم نے نیب قوانین میں چند ترامیم کو نامناسب قرار دے دیا

May 28, 2024

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے نیب قوانین میں چند ترامیم کو نامناسب قرار دے دیا۔

کراچی سے ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ملزم کو تحویل میں رکھنے کے استحقاق کو 40 روز کرنا کسی صورت سود مند نہیں ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بددیانتی سے مقدمہ بنانے والے اہلکار کی سزا کم کر کے 2 برس کرنا بھی ناقابل فہم ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق نیب قوانین کے غلط اطلاق سے پہلے ہی معیشت اور سیاست کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا نیب کے اس قانون کی ترامیم کو انتہائی معاملہ فہمی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔