پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کریگی، بین الاقوامی کانفرنس شرکاء

May 29, 2024

کراچی(ایجنسیاں) مختلف ممالک کے قونصل جنرل، ملکی و غیر ملکی ماہرین معیشت نے پاکستان کو تیزی سے ترقی کرنے والا ملک قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال کے اندرپاکستان کی معاشی صورتحال بہترہوجائیگی اور معیشت تیزی سے ترقی کریگی۔ان خیالات کا اظہار شرکاء نے محمد علی جناح یونیورسٹی کے زیر اہتمام بین اقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرحمتی نے اردومیں گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ یواے ای پاکستانیوں نے بنایا ہے،ہماری حکومت نے پاکستان میں دس بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے تاہم نجی شعبے سے کئی ملین ڈالرکی مزید سرمایہ کاری پاکستان میں ہونے والی ہے۔آسٹریلیا میں پاکستان کے سابق قونصل جنرل عبدالمجید نے کہا کہ آسٹریلیاکی جامعات میں پاکستانی طلبہ کیلئے بہت مواقع ہیں۔ لیکن پاکستانیوں نے اپنے وقت کی قدر کرنا ہوگی۔ آئی سی بی ایم کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلی، ایس ایم ایز، نئے ادارے بنانے والے کامیاب بزنس مین اوردیگراہم سیشنز ہوئے۔ ڈاکٹرزبیرشیخ نےکہا کہ پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ہمیں 25,30سال آگے سوچنا چاہیے،اس کانفرنس کا نتیجہ بہت اہم ہے، نوکری نہیں نوکری دینے والے بنیں۔ انٹرنیشنل کانفرنس میں تنزانیہ، برطانیہ، آسٹریلیا، سری لنکا،امریکا کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں سے بھی ماہرین نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ ایس ایم ایز کی اہمیت پر سیشن میں حکومت سندھ سمیڈا کے چیف مکیش کمار نے کہا کہ سب سے بڑا معاشی چیلنج صنعتی زون ہے اسے ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔