جیکب آباد، شدید گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ

May 29, 2024

جیکب آباد (نامہ نگار) جیکب آباد میں شدید گرمی کی لہر برقرار،درجہ حرارت ساڑھے 51سینٹی گریڈ ریکارڈ،سیپکو کی جانب سے شہر میں قیامت خیز گرمی کے باوجود غیر اعلانیہ بلاجواز لوڈشیڈنگ جاری،برف ناپید۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد مین منگل کے روز بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہی محکمہ موسمیات کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت ساڑھے 51سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی کے باوجود سیپکو کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بلاجواز غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ایکسپریس فیڈر پر اعلانیہ 8گھنٹے لوڈشیڈنگ کے علاوہ 6گھنٹے مزید غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی اسی طرح سٹی ٹو فیڈر پر مسلسل 12گھنٹے بجلی بند رہی علاقہ مکینوں کے مطابق سیپکو عملے نے لنکیں اتار دیں جس کی وجہ سے گرمی میں سارا دن تڑپتے رہے لیکن سیپکو حکام کو رحم نہ آیاسٹی 8،شاہ لطیف،سٹی ون سمیت دیگر فیڈر پر بھی صارفین نے بدترین لوڈشیڈنگ کی شکایات کیں گرمی میں شدت آنے کے بعد برف بھی ناپید ہو گئی ہے شہر میں برف بلیک پر فروخت کی جا رہی ہے۔