ایم کیو ایم کا شیڈو بجٹ تیار، حکومت کو کئی مثبت تجاویز دی جائیں گی

May 29, 2024

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی بجٹ سے قبل اپنے شیڈو بجٹ کو حتمی شکل دے دی ہے جس میں حکومت کو اگلے وفاقی بجٹ کے حوالے سے کئی تجاویز دی گئی ہے.

سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی سر براہی میں کمیٹی نے کئی ہفتے کی مشاروت کے بعد شیڈو بجٹ تیار کیا ہے.

ایم کیو ایم نے اپنے بجٹ میں مزدروں کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کی طرح نجی شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے، کے علاوہ انکم ٹیکس دینے والوں کو خریداری پر بھی رعایت دینے، سمندر پار پاکستانیوں کی املاک، اور سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کے فور منصوبے کی جلد تکمیل، کراچی میں سرکلر ریلوے کے منصوبے کو فوری شروع کرنے، تعلیم، صحت ، کھیل کے شعبے میں بہتری لانے،شہریوں کو ہیلتھ کارڈ سروس کی فراہمی،زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں کو مظبوط بنانے کے علاوہ ملک میں روز گار کے مواقع میں اضافے، ملکی سرمایہ کاروں کو صنعت لگانے کے لئے رعایت دینے، چھوٹے کاروبار کے لئے قرضوں کی فراہمی سمیت کئی اہم تجاویز بھی شامل ہیں۔

کمیٹی میں رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف، چیمبرز آف کامرس، آئی ٹی،صحت، تعلیم کے ماہرین کے علاوہ سنیئر بیورو کریٹ بھی شامل تھے، جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ایم کیو ایم اگلے ہفتے یا اتوار کو یہ بجٹ پریس کانفرنس میں میڈیا کو پیش کرے گی۔