رفح کے سرحدی شہر میں دو دن سے قتل عام ہورہا ہے،حافظ نعیم الر حمٰن

May 29, 2024

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے سرحدی شہر رفح پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رفح شہر میں لاکھوں پناہ گزین عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ پناہ گزین کیمپوں پر حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب بین الاقوامی عدالت انصاف نے خاص طور سے اسرائیل کو رفح پر بمباری کرنے سے روکا تھا۔منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 2جون کو کراچی میں غزہ ملین مارچ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل اپنے آپ کو بین الاقوامی قوانین کا پابند سمجھتا ہے اور نہ ہی انسانی اقتدار کا۔ اسرائیل اپنے سٹریٹیجک اہداف میں ناکامی کا بدلہ معصوم بچوں پر وحشیانہ بمباری کر کے لے رہا ہے۔ رفح کے سرحدی شہر میں دو دن سے قتل عام ہورہا ہے، دو ہزار ٹن بارود والے بم گرائے جا رہے ہیں۔ بچوں کو زندہ جلایا جا رہا ہے اور مسلمان ممالک تماشا دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کی صورت حال کی وجہ سے مسلمان حکمرانوں اور مسلمان عوام کے درمیان ایک واضح تقسیم پیدا ہو چکی ہے۔