لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے لاپتہ افراد کے تمام کیسز کو یکجا کرنے کا حکم

June 11, 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے کشمیری شاعر فرہاد علی شاہ کی بازیابی متعلق درخواست نمٹانے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔لارجر بنچ کی تشکیل کیلئے لاپتا افراد کے تمام کیسز کو یکجا کرنے کا حکم،شاعرفرہاد علی کوجبری گمشدہ ، آزاد کشمیر میں گرفتاری غیر قانونی قرار کریمنل جسٹس کمیٹی اجلاس میں ڈی جیز IB،MI،ISIمدعو ، قومی سلامتی کےمقدمات کی ان کیمرہ سماعت کی ہدایت، عدالت نے فرہاد علی شاہ کو جبری گمشدہ اور دھیر کوٹ آزاد کشمیر میں ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے اردو میں تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس لاپتہ افراد کے تمام کیسز کو یکجا کر کے چیف جسٹس کے سامنے پیش کریں تاکہ ان مقدمات کی سماعت کیلئے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے،کریمنل جسٹس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی آئی بی اور دیگر کو مدعو کیا جائے۔ ایسے تمام مقدمات جن میں قومی سلامتی کے امور پیش نظر ہوں ان کو ان کیمرہ سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ ضروری ہو تو اعلیٰ تحقیقاتی اداروں کے سربراہان سے ان کیمرہ بریفنگ کے بعد لارجر بنچ سماعت کرے اور ایسے مقدمات کی میڈیا پر رپورٹنگ نہ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جائیں۔