ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے، بیرسٹر گوہر

June 11, 2024

فائل فوٹو

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا،ہماری مذاکرات کی پیشکش کو کسی ڈیل سے تعبیر نہ کیا جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہم نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا دوریاں بڑھ رہی ہیں اس کے لیے ڈائیلاگ ضروری ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہماری بات سے اتفاق کیا ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا مذاکرات سپریم کورٹ کے کہنے پر ہو رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو آپشن دیا ہے وہ بھی زیرِ غور ہے، مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے، محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے انہیں اعتماد میں لیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مذاکرات الائنس کی سطح پر بھی ہوں گے، پی ٹی آئی خود بھی آغاز کر سکتی ہے، مذاکرات کے سوا کوئی آپشن نہیں ہم نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ برف پگھل رہی ہے، ہم چاہتے ہیں حالات بہتر ہو جائیں، بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے لیے کوئی خط نہیں لکھا، سپریم کورٹ کے مذاکرات کے آپشن کا جواب بھی پی ٹی آئی دے گی۔