تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی پارٹی بننے جارہی ہے، بیرسٹر گوہر

July 25, 2024

41 ارکان کی بھی الیکشن کمیشن نے توثیق کردی ہے، امید ہے الیکشن کمیشن ان کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردے گا، بیرسٹر گوہر - فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی پارٹی بننے جارہی ہے، آج پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹری پارٹی بھی بن گئی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے جن 39 ارکان کو ڈکلیئر کیا تھا آج الیکشن کمیشن نے ان کا نوٹیفکیشن کردیا۔

انہوں نے کہا کہ باقی 41 میں سے 40 کے بیان حلفی جمع کروادیے ہیں۔ 41 ارکان کی بھی الیکشن کمیشن نے توثیق کردی ہے، امید ہے الیکشن کمیشن ان کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ 107 پنجاب، 91 کے پی اور 9 سندھ کے ایم پی ایز نے بھی بیان حلفی جمع کردیے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم کل الیکشن کمیشن میں اقلیتوں، خواتین کی مخصوص نشستوں کی ترجیح لسٹ جمع کروادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے باہر پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کا احتجاج جاری ہے، بھوک ہڑتال پُرامن احتجاج ہے جو بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بارے میں مخالفین کہتے تھے اس پر پابندی لگائیں، آج سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہوا اور پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے ملک بھر سے اپنے اراکین اسمبلی کی تصدیق کرلی، ہم ایک بار پھر چاروں ایوانوں میں پارلیمانی پارٹی بن کر ابھریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آج بھی ہمارے اراکین کے گھروں پر تالے لگوائے جا رہے ہیں، لاقانونیت کے اس دور میں ہمارے اراکین کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ عدلیہ سے درخواست ہے اب آپ ازخود نوٹس لے لیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے اراکین کے خلاف راتوں رات اینٹی کرپشن کے کیسز بنائے جارہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ ختم کیا۔