سندھ میں نئے اسکولز کی رجسٹریشن کیلئے نیا ضابطہ اخلاق جاری

June 11, 2024

پروفیسر محمد افضال ــــ فائل فوٹو

سندھ کے ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسرمحمد افضال سندھ نے نئے اسکولز کی رجسٹریشن کے لیے نیا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔

نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق، شہر کے مضافاتی علاقوں میں پری پرائمری ایلیمنٹری اسکولز قائم کرنے کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ پلاٹکم از کم 200 گز کا ہو۔

شہر کے پوش علاقوں میں پرائمری ایلیمنٹری اسکولز قائم کرنے کے لیے پلاٹ 400 گز کا ہو، آر سی سی بلڈنگ ہو اور اس میں 10 کمرے ہوں۔

شہر کے مضافاتی علاقوں میں سیکنڈری اور او اور اے لیول کے اسکولز کے قیام کے لیے کم از کم پلاٹ کا 400 گز کا ہونا جبکہ شہر کے پوش علاقوں میں ایسے اسکولز قائم کرنے کے لیے پلاٹ کا کم از کم 600 گز کا ہونا اور عمارت میں کم از کم 15 کمرے ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رجسٹریشن کے لیے اسکول کی بلڈنگ کا منظور شدہ نقشہ، آلات سے لیس سائنس لیب، کمپیوٹر لیب، لائبریری کےاندرمناسب تعداد میں متعلقہ کتابیں، کینٹین، پینے کے لیے صاف پانی، صاف ستھرے واش رومز اور سی سی ٹی وی کیمرا لازمی قرار ہیں۔

لہٰذا تمام افراد اور سوسائٹیز وغیرہ اسکول کھولنے سے قبل معیار پر توجہ رکھیں کیونکہ معیار پر پورا نہ اترنے والے اسکولز کو کسی صورت رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کیے جائیں گے ۔