اشرافیہ کی 4 ہزار ارب کی سبسڈی ختم کررہے ہیں، مصدق ملک

June 11, 2024

وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اشرافیہ کی 4 ہزار ارب کی سبسڈی ختم کر رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں مصدق ملک، پی ٹی آئی سینیٹر زرقا تیمور اور تاجر رہنما عتیق میر نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل کر غریب کے مسائل پر بات چیت بھی نہیں کرسکیں، ایوان میں اوئے توئے کا بازار گرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بات چیت کو خوش آئند سمجھتا ہوں، جمہوریت کے ذریعے آگے بڑھنا ہے تو بات چیت ہی ہوگی نا، اداروں اور سیاسی جماعتوں میں تناؤ کم ہونا چاہیے۔

سینیٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ اشرافیہ کو دی جانے والی 4 ہزار ارب روپے کی سبسڈی ختم کی جارہی ہے، کل کے بجٹ میں اس کے اثرات نظر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر والوں کے خلاف تو ڈاکٹر زرقا بات نہ کریں، ماضی میں آئی ایم ایف کے حاضر سروس ملازم کو اسٹیٹ بینک کا گورنر بنایا گیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے یہ بھی کہا کہ محمد اورنگزیب بڑے اچھے ذہن کے آدمی ہیں، وزیر خزانہ کا معیشت کی طرف رویہ متوازن ہے، معاشی مستقبل کے لیے بہت زیادہ پریشان نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، انڈسٹریل سیکٹر میں تقریباً 4 فیصد گروتھ آئی ہے، میں مذاق کرتا ہوں ،لیکن مذاق میں سچی بات کرتا ہوں۔

سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ان ڈائریکٹ ٹیکس اس لیے لیا جاتا ہے کیونکہ ہم سے ڈائریکٹ ٹیکس نہیں لیا جاتا یہ ایف بی آر کی ناکامی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی مکمل اصلاحات اور ڈیجیٹلایزشن کا کام شروع ہوچکا ہے، ٹیکس کی بیس کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سال ہم نے30 فیصد سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔