عوامی نیشنل پارٹی کا KP میں گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کا فیصلہ

June 13, 2024

پشاور( سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے خیبر پختونخوا کے مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کی غرض سے’’ گرینڈ اپوزیشن الائنس ‘‘ بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کیساتھ ابتدائی رابطے مکمل کرلئے ہیں، عید کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پختونخوا اور بلوچستان کے مسائل اور مشکلات بہت حد تک مشترک ہیں، بلوچستان میں اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کا گرینڈ الائنس نیک شگون ہے، پختونخوا میں بھی سیاسی جماعتوں کا گرینڈ الائنس وقت کی ضرورت ہے چنانچہ مرکزی صدر ایمل ولی خان کی ہدایات پر اے این پی پختونخوا نے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمان ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات شیرپاؤ ،نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما افراسیاب خٹک، پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر اشرف ہوتی ایڈوکیٹ، عوامی ورکرز پارٹی کے اخونزادہ حیدرزمان خان اور مزدور کسان پارٹی کے افضل خاموش سے اس سلسلے میں رابطہ ہوچکا ہے، خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بھی جلد مشاورت کیلئے رابطہ کیا جائے گا، ان کا مزيد کہنا تھا کہ عید کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا، گرینڈ الائنس کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور صلاح سے طے کیا جائے گا، اے این پی مشترکہ جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اتحاد اور اتفاق ہماری خواہش ہے، اتحاد سے ہم مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اے این پی امن کے قیام، صوبائی حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔