بی آر ٹی آپریٹ کرنے والی نجی کمپنی کے دو اکاونٹس مشروط بحال کرنے کا حکم

June 13, 2024

پشاور (انیوز رپورٹر ) پشاور ہائیکورٹ نے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) آپریٹ کرنے والی نجی کمپنی کے دو اکاونٹس منجمد کرنے کے خلاف دائر رٹ پر کمپنی کے اکاونٹس غیر منجمد کرنے کا حکم جاری کرتے کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ منجمد ہونے کے وقت موجود رقم کو اکاؤ نٹ سے نہیں نکالینگے تاہم وہ اب اس میں اپنے لین دین کو جاری رکھ سکتے ہیں ۔عدالت نے مزید سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست گزار ایل ایم کے آر ریسورسز پاکستان کے ڈٓائریکٹر عبدالناصر کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی ۔اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر قاسم ودود اور اور بابرخان یوسفزئی جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل عظیم داد اور محمد علی پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کمپنی اس وقت بی آرٹی کے مختلف سٹیشنوں پر آئی ٹی کے امور سنبھالے ہوئے ہیں نیب خیبر پختون خوا نے پراجیکٹ میں غبن سے متعلق تحقیقات شروع کی اور درخواست گزار کمپنی کو بھی کال اپ نوٹس جاری کیا گیا تاہم کمپنی کے ڈائریکٹر عاطف رئیس نے اس کے جواب میں لکھا کہ وہ بیرون ملک جارہا ہے لہذا اس کو کچھ وقت دیا جائے ۔ ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے ہائیکورٹس اور سپریم کورٹس متعدد فیصلوں میں قرار دے چکی ہے کہ جب تک خلاف ٹھوس شواہد موجود نہ ہو کسی طور ان کے اکاونٹس کو منجمد نہیں کیا جا سکتا ۔ دوسری جانب نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کوبتایا کہ اگر کمپنی کے اکاونٹس بحال کۓ گۓ تواس سے نیب کی کارواٸ پر اثر پڑے گا اور اس مرحلے پر اکاونٹس بحال کرنا کمپنی کو رٹ کو مکمل طور منظور کرنے کے مترادف ہے۔ عدالت نے اس ضمن میں مذکورہ کمپنی کے اکاونٹس بحال کر دیۓ اور اس میں مذید ٹرانزکشن کی اجازت دیدی۔تاہم قرار دیا کہ جو رقم منجمد ہوٸ ہے وہ منجمد رہیگی۔اور مزید سماعت 3 جولاٸ تک ملتوی کر دی