خیبرپختونخوا ماربل سیکٹر سے مالی فوائد حاصل کر سکتا ہے، ظاہر شاہ طورو

June 13, 2024

پشاور (جنگ نیوز ) خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہےکہ معیشت کو بہتر بنانے کیلئے جدید سائنسی تکنیکی طریقے استعمال میں لاکر ماربل سیکٹر سے مالی فوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں سائنسدانوں، انجینئرز، اور صنعت کاروں کے درمیان تعاون انتہائی اہمیت کا حامل اور وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) لیبارٹریز کمپلیکس کے زیر اہتمام پشاور میں ڈائمینشن اسٹونز سمٹ: یونائیٹنگ فار نالج بیسڈ اکانومی کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے کے لئے جدید تکنیکی مشینوں کا استعمال کیا جائے ۔جدید سائنسی مشینوں سے صوبے کے وسیع ماربل وسائل کی ویلیو ایڈیشن کرکے صوبے کی معیشت کی ترقی میں بروئے کار لایا جا سکتاہے۔صوبائی وزیر نے پی سی ایس آئی آر لیبارٹریز کمپلیکس پشاور کی ماربل انڈسٹری کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا اور صوبے کی اقتصادی ترقی کے لئے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔جہانگیر شاہ نے پی سی ایس آئی آر ڈائمینشن اسٹونز سینٹر کی کامیابیوں کو اجاگر کیا، جو جدید ترین ماربل کٹنگ اور پالشنگ مشینری سے لیس ہے۔ سیمینار سے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فواد اسحاق،چیئرمین اے پی ایم آئی ایاصغر خان اتمان خیل،،ڈی جی مائنز اینڈ منرلز کے پی یعقوب نواز،، KPEZDMC کے نمائندے اور پروفیسر ڈاکٹر یاسین اقبال یوسفزئی نے بھی خطاب کیا ۔