خواجہ سراؤں کو باعزت روزگار فراہم کیاجائیگا ‘اخونزادہ زاہد

June 13, 2024

پشاور ( وقائع نگار) قائمقام مئیر پشاور اخونزادہ زاہد اللہ شاہ نے کہا ہے کہ خواجہ سراؤں کے روپ میں معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے والوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ اصل خواجہ سرا ؤں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے ان کو باعزت روزگار فراہم کیا جائیگا ۔خواجہ سراؤں کو کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کی طرف سے سلائی سنٹر، بیوٹی پارلر، کوکنگ ، ٹیلرنگ اور دیگر مد میں ملازمتیں تب فراہم کرینگے ۔خواجہ سراؤں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیاجائیگا تاکہ انکی تعداد معلوم ہوسکے اکثر خواجہ سرا مختلف بیماریوں کا شکار ہیں اور بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔پشاور کے تمام بالا خانوں میں رہائش پذیر خواجہ سرا اگر ممکن ہوسکے تو اپنے اپنے متعلقہ ضلع کومنتقل کیاجائے تاکہ انکی دستاویزات کی تصدیق مکمل کرنے میں مشکلات نہ پیش آئے ۔اس سلسلے میں گذشتہ روزقائمقام میئر کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیئرمین شاہ فیصل ٗ چیئرمین آفریدی خان ٗ خواجہ سرا ؤں کے نمائندہ ثوبیہ خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ ثوبیہ خان نے کہاکہ خواجہ سراؤںکو معاشرے میں عزت نہیں ملتی اور انکو حقیر نظروں سے دیکھا جاتاہے حکومت ہماری سرپرستی کرے۔