1855کا نایاب کرنسی نوٹ نیلامی میں 20 ہزار پونڈز میں فروخت ہوسکتا ہے

June 17, 2024

لندن (پی اے) 1855کا ایک نایاب کرنسی نوٹ نیلامی میں 20ہزار پاؤنڈز میں فروخت ہو سکتا ہے 1855کا یہ نایاب 100پاؤنڈز کا بینک نوٹ اتنا قیمتی ہے کہ اسے آدھے حصے میں کاٹ کر دو الگ الگ ٹکڑوں میں منتقل کرنا پڑا، جسے نیلامی میں فروخت کیا جانا ہے۔ یہ نوٹ، جسے بینک آف انگلینڈ (بینک آف انگلینڈ) کی لیورپول برانچ نے 169سال پہلے جاری کیا تھا۔توقع ہے کہ اس کی نیلامی سے تقریباً 20000 پاؤنڈز حاصل ہوں گے۔ جاری ہونے کی تاریخ پر اس کی قیمت آج کی رقم میں تقریباً 15000پاؤنڈزکے برابر تھی۔ نیلام کرنے والے نونانس کے اینڈریو پیٹیسن نے کہا کہ 100پاؤنڈز اتنی رقم تھی کہ نوٹ کے دونوں حصوں کو سیکورٹی کے لئے الگ الگ پوسٹ کیا گیا اور پھر بعد میں ایک ساتھ رکھ دیا گیا تاکہ نوٹ اب بھی استعمال ہو سکے۔ اس کے علاوہ لندن کے نیلام گھر میں ایک لیورپول کا جاری کردہ 10پاؤنڈز کا نوٹ بھی پیش کیا جائے گا، جس پر 1882میں چیف کیشئر فرینک مے نے دستخط کئے تھے۔ فرینک مے کو اس وقت بے عزتی کے ساتھ اس کےعہدے سے ہٹا دیا گیا، جب یہ ظاہر ہو گیا کہ اس نے گاہکوں کو بے شمار قرضے اور اوور ڈرافٹ کئے تھےاور خود اسےاسٹاک مارکیٹ میں مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فرینک مےکے دستخط شدہ 10 پاؤنڈزکے نوٹ سے نیلامی میں15000سے 20000پاؤنڈز تک ملنے کی امید ہے۔ بینک آف انگلینڈ کی لیورپول برانچ اس وقت شہر کی کیسل سٹریٹ میں تھی۔ خالی عمارت کو آئیوی ریسٹورنٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔