اٹلی میں کشتیاں ڈوبنے سے 17 تارکین وطن ہلاک

June 26, 2024

روم ( نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور اطالوی کوسٹ گارڈز حکام نے کہا ہے کہ اٹلی کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی 2 کشتیوں کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 17افراد ہلاک اور 26بچوں سمیت 60 سے زائد لاپتا ہوگئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ریسکیوکشتی چلانے والے جرمنی کے امدادی گروپ ریسک شپ نے بتایا کہ لکڑی کی ڈوبتی کشتی سے 51افراد کو نکالاگیا، جس میں بے ہوش ہونے والے 2افراد بھی شامل ہیں۔ کشتی کے نچلے حصے سے 10لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔ امدادی ادارے نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں کو اطالوی کوسٹ گارڈ کے حوالے کر دیا گیا۔ پناہ گزینوں کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یواین ایچ سی آر اور یونیسف نے مشترکہ بیان میں بتایا کہ کشتی لیبیا سے روانہ ہوئی تھی، جس میں شام، مصر، پاکستان اور بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ دوسری کشتی کو حادثہ اطالوی علاقے کلابریا سے تقریباً 200 کلومیٹر مشرق میں پیش آیا، جب ترکیہ سے روانہ ہونے والی ایک کشتی میں آگ لگ گئی اور وہ الٹ گئی۔ ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ کشتی میں 26 بچوں سمیت 66 افراد تھے۔دوسری جانب غیر قانونی تارکین وطن کی غیر معمولی تعداد سمندر کے راستے برطانیہ پہنچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ 882 غیر قانونی تارکین وطن چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ آئے۔یہ رواں برس ایک ہی روز براستہ سمندر برطانیہ آنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔