نمکین عید پر کیوں نہ کچھ میٹھا ہو جائے؟

June 19, 2024

---فائل فوٹو

اس عید الاضحیٰ یعنی کہ نمکین عید کو میٹھا بنانے کے لیے خواتین روایتی شیرِ خرمہ کی جگہ کچھ منفرد آزما کر خوب تعریفیں بٹور سکتی ہیں۔

عید کے موقع پر جب تک شیرِ خرمہ نہ ہو عید پھیکی لگتی ہے، مگر اس عید پر اس روایتی شیر خرمہ کی جگہ دیگر مسلم ممالک کی روایتی مٹھائیاں ٹرائی کر کے آپ وقت اور طاقت دونوں بچا سکتی ہیں۔

ترکش ’لوکم‘

مشرقِ وسطیٰ کی مشہور مٹھائی ’لوکم‘ کو ترکیہ میں بے حد پسند کیا جاتا ہے، لوکم مختلف رنگوں اور ذائقوں میں تیار کی جا سکتی ہے، یہ چھوٹے چھوٹے کیوبز کی شکل میں ہوتی ہے، اسے رول کر کے ٹکڑوں میں کاٹا بھی جا سکتا ہے۔

اسے کارن اسٹارچ میں چینی، پانی، ناریل پاؤڈر اور خشک میوے شامل کر کے تیار کیا جاتا ہے اور ٹھنڈا ہونے پر من پسند رنگ، ایسنس اور پھلوں کا رس شامل کر کے من چاہی شکل میں ڈھال لیا جاتا ہے۔

لبنانی ’حلویت الجبن‘

حلویت الجبن کو لبنانی چیز کیک بھی کہا جائے تو غلط نہ ہو گا، اگر آپ چیز کیک کے شوقین ہیں تو یہ مٹھائی آپ کو ضرور پسند آئے گی۔

حلویت الجبن میں میٹھا پنیر بھرا جاتا ہے، عرقِ گلاب، شیرے اور سوجی کے آمیزے کو منفرد اشکال دے کر اسے تیار کیا جاتا ہے۔

ایرانی ’ کولوچے‘

چاند اور پھولوں کی شکل میں تیار کردہ بسکٹ نما ایرانی مٹھائی کولوچے کو کھجور یا خشک میوے سے بھرا جاتا ہے، یہ ایرانی بسکٹ بھی کہلاتے ہیں۔

یہ مٹھائی عید یا دیگر تہواروں کے موقع پر مہمانوں کو پیش کی جاتی ہے۔

یہ ذائقے میں ہلکے پھلکے اور میٹھے ہوتے ہیں، اگر آپ کو کم میٹھا پسند ہے تو یہ مٹھائی آپ ہی کے لیے ہے۔

شامی ’قطائف اسفیری‘

پین کیک سے مماثلت رکھنے والی شام کی روایتی مٹھائی ’قطائف اسفیری‘ پین کیک نما پیسٹری میٹھے پنیر اور خشک میوے سے بھری ہوئی ہوتی ہے۔

اسے چینی میں گوندھے ہوئے میدے کی میٹھی پٹی سے تیار کیا جاتا ہے۔

مراکشی ’اسدا‘

کھیر یا پھر فرنی کی جگہ آپ مراکشی روایتی میٹھا ’اسد‘ آزما سکتے ہیں۔

مراکش میں عید کی تقریبات کا آغاز اسدا سے ہی کیا جاتا ہے۔

یہ کھیر کی طرح گاڑھی ہوتی ہے جسے ایک پیالے میں جما لیا جاتا ہے۔

اس میں دودھ، چاول، مکھن، شہد اور کھجور کو شامل کر کے ذائقے دار بنایا جاتا ہے۔

اسے عام طور پر ہاتھ سے کھایا جاتا ہے، یہ ڈش اب لیبیا، عمان، سعودی عرب اور یمن میں بھی پسند کی جاتی ہے۔