ایپل آئی او ایس 18 میں نئے فیچرز لانے کیلئے تیار

June 20, 2024

فوٹو: فائل

امریکا کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے صارفین کےلیے آئی فون میں نئے فیچرز متعارف کروانے کےلیے تیار ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپل کی سالانہ ورلڈ وائیڈ ڈیویلپرز کانفرنس 2024 میں اس ماہ کے آغاز میں iOS 18 لانے کا عندیہ دیا گیا اور کانفرنس کے دوران اسے پیش بھی کیا گیا۔

آپریٹنگ سسٹم کی اس اپڈیٹ کے ساتھ صارفین ہوم اسکرین سے ایپ اور ویجیٹ کے نام چھپا سکیں گے جبکہ اس میں دیگر نئے فیچرز بھی شامل ہوں گے۔

آئی او ایس 18 پر ایپ کے نام چھپانے کا طریقہ:

آئی او ایس 18 ڈویلپر بیٹا 1 کے ساتھ، آئی فون صارفین ہوم اسکرین سے ایپ، فولڈر اور ویجیٹ کے نام چھپا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ فیچر پہلے کچھ اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر بھی دستیاب تھا، تاہم اب اس نئے فیچر سے آئی فون صارفین خوب فائدہ اٹھاسکیں گے جس کا طریقہ کار کچھ اسطرح ہوگا۔

ہوم اسکرین کی خالی جگہ پر ٹیپ کرتے ہوئے اسے ہولڈ کریں، پاپ اپ کھلتے ہی اوپری بائیں کونے میں 'ترمیم' کو منتخب کریں۔ اس کے بعد کسٹمائزیشن پر ٹیپ کریں اور پھر 'بڑا' آئیکن سائز کے آپشن کو منتخب کریں۔ آئیکن کا سائز بڑھانے سے ہوم اسکرین سے ایپ کے نام خود بخود چھپ جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال چھوٹے آئیکون سائز کو برقرار رکھتے ہوئے ایپ کے نام چھپانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

دیگر فیچرز

iOS 18 نے ایک نئی کنٹرول گیلری کے ساتھ دوبارہ ڈیزائن کیا ہوا کنٹرول سینٹر بھی متعارف کروایا ہے جس میں صارفین کو اضافی کنٹرول اور ٹوگلز کےلیے صفحات کے درمیان سوائپ کرنے کی اجازت بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ہوم اسکرین پر آئیکنز کےلیے ڈارک موڈ اب دستیاب ہے، جس سے صارفین مختلف آئیکن اسٹائلز منتخب کر سکتے ہیں جن میں خودکار، ڈارک، لائٹ، اور ٹنٹڈ اسٹائل شامل ہیں۔

آئیکنز کو ہوم اسکرین پر کہیں بھی رکھا جا سکتا ہے، بجائے اس کے کہ وہ ایک طے شدہ گرڈ میں محدود ہوں۔

مزید قابل ذکر خصوصیات میں لاک اسکرین شارٹس کا کسٹم انتخاب کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔

اب صارفین موجودہ کیمرہ اور فلیش لائٹ کے فوری ٹوگلز کو نئی کنٹرول گیلری سے اختیارات کے ساتھ بدل سکتے ہیں۔

یہ تبدیلیاں اس سال کے آخر میں عام صارفین کےلیے بھی قابلِ استعمال ہوں گی۔