غزہ پر اسرائیلی حملوں کے بعد تین مسلم ملکوں کی اسرائیل کے ساتھ تجارت میں اضافہ

June 24, 2024

تل ابیب( نیوز ڈیسک)اکتوبر 2023 کے بعد چند مسلم ممالک کی اسرائیل کے ساتھ تجارت میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے سینٹرل بیورو آف اسٹیٹ اسٹیٹٹکس کی حالیہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اکتوبر 2023کے بعد رواں ماہ مصر، اردن اور متحدہ عرب امارات کی اسرائیل کے ساتھ تجارت میں اضافہ ہوا ہے گزشتہ روز شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاری بدترین اسرائیلی جارحیت کے باوجود 2024 میں مصر کی اسرائیل کو ہونے والی برآمدات گزشتہ سال کے مقابلے دگنی ہوئی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2024 میں اسرائیل کو ہونے والی مصری درآمدات 25 ملین ڈالر کی تھیں جوکہ مئی 2023 میں ہونے والی برآمدات سے دگنی ہیں۔دونوں ممالک کے تلخ تعلقات کے باوجود اکتوبر کے بعد سے توانائی اور سکیورٹی کے شعبوں میں ان دونوں ممالک کا اشتراک بڑھا ہے اور گزشتہ سال اسرائیل سے مصر کو ہونے والی قدرتی گیس کی برآمد میں اضافہ ہوا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اردن کی اسرائیل کو ہونے والی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مئی 2023میں متحدہ عرب امارات سے اسرائیل کو ہونے والی برآمدات کا حجم 238ملین ڈالر سے زائد تھا جوکہ مئی 2024میں 242ملین ڈالر رہا۔ اسرائیل کے سینٹرل بیورو آف اسٹیٹ اسٹیٹٹکس کے مطابق اردن سے اسرائیل کو ہونے والی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا اور ان برآمدات کا حجم مئی 2023میں 32.3ملین ڈالر سے بڑھ کر مئی 2024میں 35.7ملین ڈالر رہا۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق مصر، اردن، اور متحدہ عرب امارات کے برعکس ترکی سے اسرائیل کو ہونے والی برآمدات نصف سے بھی کم ہوگئی ہیں۔