وہ سبزیاں جو اُبالنے کے بعد زیادہ صحت بخش بن جاتی ہیں

June 29, 2024

---فائل فوٹو

سبزیوں کو ابال کر پکانے کا طریقہ زیادہ صحت مند ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ عمل سبزیوں میں موجود اکثر اجزاء کو جسم میں جذب کرنے کے لیے آسان بنا دیتا ہے۔

مثال کے طور پر گاجر اور پالک جیسی سبزیوں کو ابالنے سے ان میں موجود سخت خلیے نرم ہو جاتے ہیں اور فائدہ مند مرکبات جیسےکہ بیٹا کیروٹین اور آئرن خارج ہو کر معدے میں با آسانی ہضم ہونے لگتا ہے۔

اسی طرح چند سبزیاں ایسی ہیں جنہیں اگر براہِ راست کھانے کے بجائے پہلے اُبال لیا جائے تو ان میں موجود تیزابیت پیدا کرنے والے غذائی اجزاء کی سطح کو کم کیا جا سکتا ہے۔

صحت سے متعلق اس رپورٹ میں سبزیوں کی ایک فہرست درج ہے جو کھانے سے پہلے ابالنے پر زیادہ صحت بخش ہو جاتی ہیں۔

گاجر

گاجر ایک قدرتی طور پر سخت سبزی ہے جسے ابال کر نرم، صحت کے لیے مفید اور معدے کے لیے آسان بنایا جا سکتا ہے، اس کے نرم ہو جانے پر غذائیت مکمل اور بھرپور طریقے سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق گاجر کو ابال کر کھانے سے اس کی غذائیت مزید بڑھ جاتی ہے جیسے کہ بیٹا کیروٹین کی حیاتیاتی دستیابی جسے جسم وٹامن اے میں تبدیل کرتا ہے۔

یاد رہے کہ گاجروں کا استعمال آنکھوں کی صحت اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور صحت مند جِلد کو فروغ دیتا ہے۔

پالک

پالک کو ابالنے سے اس میں موجود آکسالک ایسڈ کم ہوتا ہے، آکسالک ایسڈ کی زیادتی کیلشیم اور آئرن کو جذب ہونے سے روک سکتی ہے، پالک کو ابال کر کھانے سے جسم کو معدنیات زیادہ دستیاب ہوتی ہیں۔

پالک آئرن اور کیلشیم سے بھرپور ہوتی ہے، جو ہڈیوں کی صحت کو فروغ دیتی ہے اور خون کی کمی کو روکتی ہے۔

بروکولی

ابلی ہوئی بروکولی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے، اس میں فائبر، وٹامن سی ،وٹامن کے، آئرن اور پوٹاشیم سمیت بہت سے اجزاء شامل ہیں، اس میں دوسری سبزیوں کے مقابلے میں پروٹینزیادہ پایا جاتا ہے،

ٹماٹر

ٹماٹر کو ابالنے سے اس میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ لائیکوپین کی دستیابی بڑھ جاتی ہے، یہ دائمی بیماریوں کے خطرے کو کم کرتا ہے، دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور سوزش کو کم کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے۔

چقندر

چقندر کو ابالنے سے اس میں موجود نائیٹریٹ محفوظ رہتا ہے جو کہ خون کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

چقندر قلبی صحت کی حمایت کرتا ہے، ورزش کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور اینٹی آکسیڈینٹ فراہم کرتا ہے۔

براہِ راست چقندر کو پکانے سے اس میں موجود غذائی اجزاء جَل سکتے ہیں۔

میٹھے آلو (شکر کندی)

میٹھے آلوؤں کو ابالنے پر ان میں بیٹا کیروٹین کی اعلیٰ سطح کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے، ابلے ہوئے میٹھے آلو کا استعمال بصیرت، قوت مدافعت اور جِلد کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔

سبز پھلیاں

ابلی ہوئی ہری پھلیوں کو بھی ابال کر استعمال کرنا چاہیے، صحت کے لیے نہایت مفید ان پھلیوں کو اگر براہِ راست تیل یا مسالے میں ڈال دیا جائے تو ان میں موجود غذائیت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔

سبز پھلیوں میں وٹامن اے اور سی پھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔

آلو

آلوؤں کو ابال کر کھانے سے ان کا گلیسیمک انڈیکس کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے وہ غیر صحت مند کے بجائے صحت مند کاربوہائیڈریٹ کا انتخاب بن جاتے ہیں۔

ابلے ہوئے آلو وٹامن سی اور بی 6 سے بھر پور ہوتے ہیں، اِنہیں ابال لینے سے ان کی غذائیت برقرار رہتی ہے، آلو توانائی فراہم کرتے ہیں، مدافعتی نظام کو صحت مند اور اعصابی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔