پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 6 خواتین سمیت 98 افسران کمیشن حاصل کرنے والوں میں شامل

June 29, 2024

پاکستان نیول اکیڈمی میں 121ویں مڈشپ مین اور 29ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جہاں کمیشن حاصل کرنے والے 98 افسران میں 06 خواتین اور 14 دوست ممالک کے افسران شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمانِ خصوصی تھے۔

نیول اکیڈمی میں بحرین، جبوتی، عراق، سری لنکا اور فلسطین کے کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔

اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میں میری ٹائم سیکٹر میں خواتین کی بڑھتی شمولیت قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکستھ جنریشن وارفیئر سے نبردآزما ہونے کےلیے جدید ٹیکنالوجی ناگزیز ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنانا بحری حکمت عملی کے لیے ناگزیر ہے۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ بحری بیڑے میں جدید ترین پلیٹ فارمز کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ہنگور کلاس سب مرینز جدید ترین پلیٹ فارمز کے حصول میں اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے ہمہ وقت پُرعزم ہیں۔ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلیے ہر دم تیار ہے۔

مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

مڈشپ مین عبداللّٰہ وحید نے اعزازی شمشیر اور مڈشپ مین آفتاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔