جے یو آئی نے الیکشن اور مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے مؤقف کو درست قرار دیدیا

July 01, 2024


جمعیت علماء اسلام نے انتخابات اور مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے اسکی حمایت کردی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جے یو آئی کے وکیل کامران مرتضیٰ نے بیان دیا کہ ان کی جماعت اس کیس میں الیکشن کمیشن کے مؤقف کو اختیار کر رہی ہے اور اسی مؤقف کی حامی ہے۔

جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ یعنی آپ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن نے بالکل ٹھیک کام کیا ہے؟ جس پر کامران مرتضیٰ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ جی ہاں، الیکشن کمیشن نے بالکل ٹھیک کام کیا ہے۔

اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے مولانا فضل الرحمان کی نیوز کانفرنس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کل ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس چل رہی تھی، آپ کا مؤقف تو اس سے بالکل مختلف ہے۔