اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان

June 30, 2024

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ کےلیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ارم جاوید، عمیمہ سہیل اور سیدہ عروب شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ تسمیہ رباب پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہوئی ہیں۔

اے سی سی ویمن ایشیا کپ آئندہ ماہ سری لنکا میں ہوگا۔ 19 جولائی سے 28 جولائی تک ہونیوالے ایونٹ کیلئے ندا ڈار کو پاکستان ویمن ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

دورہ انگلینڈ میں شامل عائشہ ظفر، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، ام ہانی اور وحیدہ اختر ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکیں۔

عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن کو قومی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ارم جاوید نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اکتوبر 2023 میں کھیلا تھا عمیمہ نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی جبکہ عروب بھی گزشتہ سال ستمبر میں آخری بار ایکشن میں تھیں۔

پہلی بار ٹیم میں شامل ہونیوالی تسمیہ رباب نے نومبر 2023 میں ویسٹ انڈیز اے اور تھائی لینڈ کے خلاف پاکستان اے کی نمائندگی کی تھی۔

ایونٹ کےلیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ 5 جولائی سے کراچی میں شروع ہوگا اور 16 جولائی کو ٹیم کی روانگی تک جاری رہے گا۔

ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ 19 جولائی کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز بھارت سے ہوگا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اس کے میچز بالترتیب 21 اور 23 جولائی کو ہوں گے۔